
اسلام آباد: (27 اگست، 2025): چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے بورڈ کا پندرہواں اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے بزریعہ زوم لنک شرکت کی۔ سی ڈی اے بورڈ کے پندرہویں اجلاس میں متعدد ایجنڈا آئٹمز زیر بحث لائے گئے۔
سی ڈی اے بورڈ کے پندرہویں اجلاس میں اسلام آباد میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے خالی آسامیوں پر بھرتی، ایمرجنسی عملے کی ٹریننگ اور جدید آلات کی فراہمی کیلئے منظوری دی گئی۔ اس ضمن میں این ڈی ایم اے سے بھی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کیلئے مختلف پوزیشنز پر بھرتی کے عمل کی منظوری دی گئی۔ تمام ایمرجنسی آپریشنز کی بہتر نگرانی اور ٹریکنگ کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) بھی بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ریپڈ رسپانس کیلئے اسلام آباد شہر میں 12 ریسکیو اسٹیشنز بھی بنائے جائے گئے۔ اسکے ساتھ تقریباً 50 موٹر سائیکلوں پر مشتمل موٹر بائیک ریسکیو سروس کا بھی آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں متعلقہ شعبے کو ہدایت دی گئی کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروس ریگولیشز کو حتمی جلد شکل دی جائے۔ اجلاس میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کیلئے جدید آلات کی فراہمی پر بھی بریفننگ دی گئی جن میں واٹر ریسکیو وین، جدید ترین آلات اور ریسکیو گاڑیوں کی خریداری شامل ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو جدید سہولیات سے مزین کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کسر اٹھا نہ رکھی جائے تاکہ شہریوں کو ہرممکن بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد کے منصوبوں میں کاربن کریڈٹ کے حصول کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد اسلام آباد میں ماحول دوست ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینا اور کاربن اخراج میں کمی لانا ہے۔ کنسلٹنٹ کی خدمات سے سی ڈی اے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کاربن کریڈٹ حاصل کرنے میں مدد ملے گی، جس سے ماحولیاتی تحفظ کو فروغ ملے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کاربن کریڈٹ کے حصول سے سی ڈی اے کے جنگلات کے تحفظ، شجرکاری، فضائی آلودگی میں کمی اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاربن کریڈٹ کے حصول سے نہ صرف اسلام آباد کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی، بلکہ یہ شہر کی پائیدار ترقی کیلئے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کنسلٹنٹ کی تقرری کے بعد جلد ہی کاربن کریڈٹ کے حصول کیلئے بین الاقوامی کنونشنز کے مطابق عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے کی مختلف ونگز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جائے گی تاکہ کاربن کریڈٹ کے حصول کے لئے منصوبے بنائے جا سکیں۔
اجلاس میں اسلام آباد میں اراضی اور پراپرٹیز کے تخمینے کیلئے ایولیویٹر فرم کی خدمات حاصل کرنے کیلئے قائم کمیٹی میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ جس میں فنانس، اسٹیٹ، پی اینڈ سی، بلڈنگ کنٹرول اور انجینئرنگ ونگ کے افسران شامل ہوں گے جبکہ کمیٹی کی سربراہی ممبر فنانس کریں گے۔
سی ڈی اے بورڈ کے پندرہویں اجلاس میں جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر اسلام آباد کے پہلے مرحلہ کیلئے تفصیلی ڈیزائن کے جائزے، پروفیشنل ٹیکنیکل سروسز اور جامع منصوبہ بندی کیلئے کنسلٹنٹس کی خدمات کے حصول پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنیشنل ٹینڈرنگ کے بعد پیپرا (پی پی آر اے) کے قواعد و ضوابط کے مطابق کم ترین بولی دہندگان کو کنسلٹنسی سروسز کیلئے منتخب کرنے کی سفارش کی جائے اور ان سفارشات کو اسٹیئرنگ کمیٹی میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں اسلام آباد میں ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کیلئے آغا خان یونیورسٹی کی درخواست پر اسلام آباد لینڈ ڈسپوزل ریگولیشن کے مطابق زمین الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کی ترقی، ڈیولپمنٹ اور بیوٹیفکیشن سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کے تسلسل کو مستقل بنیادوں پر برقرار رکھا جاسکے اور اسلام آباد کو ایک مثالی دارلحکومت بنانے میں مدد مل سکے۔