
تحریر۔کبیرحُسین
وطن عزیز،خطہ فردوس بریں،نورکامسکن،امن کا آشیاں پاکستان جودُنیا میں اپنی الگ پہچان اورشناخت رکھتا ہے کاازلی،مکار،کم ظرف دُشمن بھارت جس نے ہمیشہ پاکستان کیخلاف رات کی تاریکی میں جارحیت کی کوشش کی اور تاریخ کا حصہ ہے کہ سوائے شکست فاش اور منہ توڑوانے کے بھارت کے حصہ میں کچھ نہ آیا۔بھارت نے ہمیشہ جب بھی پاکستان سے شکست فاش کھائی توسازشوں پر اُترآیاکبھی پاکستان میں دہشتگردی کیلئے خارجیوں کوفنڈنگ کی توکبھی پاکستان کے ہمسائیہ ملک افغانستان سے سازشیں رچاناشروع کیں لیکن ہمیشہ ناکامی اس کا مقدرٹھہری۔
پہلگام واقعہ کوبھی ہمیشہ کی طرح بھارت نے پاکستان کیساتھ جوڑااورجھوٹاپروپیگنڈاکیاکہ اِس دہشتگردی میں پاکستان ملوث ہے لیکن گزشتہ تین ہفتوں میں بھارتی حکومت ایک ثبوت بھی فراہم نہ کرسکی اورگودی بھارتی میڈیاسوائے خیالاتی اورجھوٹی اے آئی ایڈیٹ شدہ تصاویر سے پروپیگنڈہ کررہاتھا جسے نہ صرف اقوام عالم نے مسترد کردیابلکہ بھارت کے اندرسے ہی کئی فوجی افسران،سیاستدانوں نے بھی الیکشن قریب ہونے پرپہلگام واقعہ کوفالس فلیگ آپریشن کانام دیا۔پاکستان نے ثبوت مانگے لیکن جب ثبوت نہ ملے توپاکستانی حکومت نے فیصلہ کیاکہ عالمی میڈیاکے نمائندوں کولائن آف کنٹرول کادورہ کرایاجائے جن جگہوں کے حوالے سے بھارت جھوٹاپروپیگنڈاکررہاتھا لیکن بھارت نے اپنے جھوٹ پر پردہ ڈالنے کیلئے گزشتہ شب رات کی تاریکی میں پاکستان پر ایک ناکام میزائل حملہ کردیا۔بھارت یہ بھول چکا تھا کہ رات کی تاریکی میں حملہ ایک تواِس کا پُرانا وطیرہ ہے دوسراہمیشہ اِسے منہ کی ہی کھاناپڑے گی۔بھارتی افواج کی جانب سے بہالپور،مظفرآباد،کوٹلی،مریدکے اورآزادکشمیر کیساتھ ملحقہ سرحدی علاقوں میں جارحیت کی گئی۔بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج نے دُشمن کوناکوں چنے چبوائے اوردُشمن کی چوکیوں،بھارتی برگیڈ ہیڈکوارٹرکومکمل تباہ کردیا۔پاک فضائیہ نے دُشمن کاساراغرورخاک میں ملادیا اور بھارت کے پانچ جدیدطیارے زمین بوس کردیئے جن میں تین رفال طیارے،ایک مگ29لڑاکاطیارہ اورایک ایس یوطیارہ بھی شامل ہے۔طیارے عمومی طور پر بھارتی پنجاب کے علاقہ بھٹنڈہ،جموں کشمیر،دوطیارے اونتی پور،ایک اکھنوراور ایک سری نگرمیں مارگرایاگیا۔اِسی طرح پاک افواج نے سات کے قریب بھارتی جاسوس اورلڑاکا ڈرون طیارے بھی مارگرائے۔پاکستان کی جانب سے دندان شکن جواب کے بعد بھارت نے کئی چوکیوں سے شکست فاش تسلیم کرتے ہوئے سفیدجھنڈے بھی لہرادیے۔بھارت کی جانب سے رات کے اندھیرے میں چھُپ کر پاکستان کی عبادتگاہوں اور معصوم شہریوں پرحملے میں 31کے قریب شہداء شامل ہیں۔
پاک افواج کے دندان شکن جواب کے بعدجہاں بھارت بوکھلاہٹ کا شکارہوگیا وہیں پاکستان نے واضح کردیاہے کہ ابھی بدلہ لیناباقی ہے اِس حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی میں فیصلہ کیاگیاکہ پاکستان کی سالمیت پرکوئی سمجھوتہ نہیں اورپاکستان بھارتی جارحیت اور سرحدوں کی خلاف ورزی کرنے پر سزاکاحقدار ہے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت،اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے بھی جہاں پاکستان کی چٹان صفت مسلح افواج کومنہ توڑجواب دینے پرخراج تحسین پیش کیا وہیں بھارت پرواضح کردیاہے کہ بھارتی جارحیت پرابھی مزیدمنہ توڑجواب دیاجائیگا۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھار ت کو مزیدخمیازہ بھگتناپڑے گا اوربھارت کیساتھ جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ معصوم پاکستانی شہریوں کے خون کے آخری قطرے تک کابھارت سے حساب لیاجائیگا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ الحمد اللہ افواج پاکستان،پاک فضائیہ نے جہاں دُشمن کودھول چٹائی وہیں پاک افواج کاکوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہواقومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں پاکستان کی مسلح افواج کوبھارتی جارحیت کا مزیدبھرپور جواب دینے کا اختیاردیدیاگیاہے۔
قارئین کرام!
بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں حملے کے بعدجہاں افواج پاکستان،حکومت پاکستان،سیاسی جماعتوں،سماجی تنظیمیوں نے یکجاں ہوکردُشمن کودوٹوک جواب دیاوہیں پاکستانی عوام کاجذبہ دیدنی ہے،وطن عزیز میں گوادرسے گلگت اورکراچی سے مظفر آبا دتک عوام نے باہرنکل کر ثابت کردیا ہے کہ آج بھی پاکستانی قوم کاوہی جذبہ ہے جو65ء کی جنگ میں تھا۔بزدل دُشمن معصوم پاکستانی شہریوں پر حملہ کرکے دُم دباکربھاگ کردبک کربیٹھ گیا ہے لیکن پاکستانی قوم،افواج پاکستان بھارت کی جارحیت پرمزیدمنہ توڑجواب دیں گے۔