
اسلام آباد، 20 مئی، 2025۔ پاکستان کے صف اول کے ڈیجیٹل مائیکروفنانس ادارے، موبی لنک بینک کو عالمی شہرت یافتہ ادارے ٹاپ ایمپلائرز انسٹیٹیوٹ کی جانب سے سال 2025 کے لئے ٹاپ ایمپلائیر ان پاکستان کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ موبی لنک بینک یہ اعزاز حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا اور واحد بینک ہے، جس سے اسکی اس ساکھ کو مزید تقویت ملتی ہے کہ وہ مختلف پس منظر کے حامل افراد کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے والا ادارہ ہے۔
یہ اعزاز اس بات کا ثبوت ہے کہ موبی لنک بینک کا شمار ان بہترین اداروں میں ہوتا ہے جو اپنے ملازمین کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ ترقی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔ موبی لنک بینک یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے ٹاپ 10 اداروں میں شامل ہو گیا ہے، ساتھ ہی ساتھ VEON گروپ کے اندر بھی (بی لائن ازبکستان کے بعد) یہ اعزاز حاصل کرنے والی دوسری آپریٹنگ کمپنی (OpCo) کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔
موبی لنک بینک کے یہ اعزاز حاصل ہونے کی بڑی وجہ اس کے وہ اقدامات ہیں، جو ادارے کے اندر اور باہر بالخصوص خواتین کی سماجی شمولیت اور خودمختاری کو فروغ دیتے ہیں۔ خواتین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ”MobilinkHer” کے نام سے خصوصی پروگرام شروع کیا گیا ہے، جو کریئر بریک کے بعد دوبارہ پروفیشنل لائف میں واپس آنے والی خواتین کو تربیت، معاونت اور ترقی کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح ”ہمقدم” (Humqadam) پروگرام معذور افراد کے لیے مزید آسان، قابل رسائی اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کی ایک سنجیدہ کاوش ہے۔ بینک کا اہم پروگرام ”ویمن انسپریشنل نیٹ ورک (WIN)” خواتین کی قیادت اور انکی مالی شمولیت کو فروغ دینے سے متعلق تربیت، رہنمائی اور رسائی پر کام کرتا ہے۔
موبی لنک بینک کے صدر اور سی ای او حارث محمود چوہدری نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا،”یہ عالمی سطح کی کامیابی ہماری ٹیم کی اس کاوش کا نتیجہ ہے جو ہمارے بااختیار اور اجتماعی ماحول کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہماری کامیابی کی بنیاد تنوع اور مضبوط ادارہ جاتی ماحول ہے جس سے ادارے میں جدت کا عمل تیز ہوتا ہے، اور ہم پاکستان کے مالیاتی شعبے میں اس کی نمایاں مثال بننے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔”
موبی لنک بینک کی چیف پیپل آفیسر علینہ تنویر نے کہا،”ہمارے تمام اقدامات میں مرکزی اہمیت اپنے لوگوں کو دی جاتی ہے۔ ہم ایسے ادارے کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہیں جہاں ہر فرد کو شمولیت، سیکھتے رہنے اور ترقی کرنے کے بھرپور مواقع ملیں۔ یہ بین الاقوامی اعزاز ہمارے اس ویژن کی توثیق ہے کہ ہم ٹیلنٹ کو ابھارنے، جدت کو فروغ دینے اور بہترین کاروباری ادارہ بننے کے سفر میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔”
ٹاپ ایمپلائرز انسٹیٹیوٹ کا سرٹیفیکیشن پروگرام کاروباری اداروں کے ہیومن ریسورس کے شعبے کا تفصیلی جائزہ لیتا ہے جس میں ملازمین کے لیے حکمتِ عملی، سازگار ماحول، بھرتی کے طریقے، تنوع، شمولیت اور فلاح و بہبود شامل ہیں۔ 2025 میں دنیا بھر کے 125 ممالک/خطوں میں 2400سے زائد اداروں کو یہ سرٹیفیکیشن دی گئی، جس سے عالمی سطح پر 1.3 کروڑ سے زائد ملازمین پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔ اس سرٹیفکیشن کے حصول سے موبی لنک بینک نے لوگوں کی قیادت کو مرکزی اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ جامع ترقی کا اپنا نیا معیار قائم کیا ہے۔