
لاہور، 27 جون 2025: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا اور 54ویں پی این اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔ کورس کے شرکاء کی پیشہ ورانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے نیول چیف نے جدید جنگ کی بدلتی ہوئی نوعیت اور ابھرتے ہوئے میری ٹائم سیکیورٹی خدشات کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی عسکری حکمتِ عملی کو موجودہ دور کے روایتی اور غیر روایتی سلامتی چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے نئے انداز میں اپنانا ہوگا۔
نیول چیف نے پاکستان کو درپیش موجودہ میری ٹائم چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بحرِ ہند کا خطہ مسلسل تغیر پذیر اور غیر مستحکم ہے۔ خطے میں نئی جغرافیائی صف بندیاں اور طاقت کے حصول کی جاری کشمکش سلامتی کے ماحول پر گہرے اثرات مرتب کر رہی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور ایران و اسرائیل کے مابین 12 روزہ جنگ اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں کہ جنگ کو محض ایک پہلو سے دیکھنا اب غیر مؤثر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی جنگیں جیتنے کے لیے نہ صرف روایتی جنگی حکمتِ عملی پر نظرِ ثانی درکار ہے، بلکہ ایسے پیشہ ور افسران کی تیاری بھی ناگزیر ہے جو علمی و فنی اعتبار سے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔
خطاب کے اختتام پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دی اور آئندہ تعیناتیوں میں انہیں اصول پسندی، تجزیاتی صلاحیت اور تخلیقی سوچ کو اپنانے کی ترغیب دی۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)