
اسلام آباد، 27 جون 2025
پاکستان کی قومی اسمبلی نے گزشتہ روز وفاقی بجٹ 2025-26 کو منظوری دے دی، جس کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجٹ کی کامیابی پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزارت خزانہ کے دیگر حکام اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
خصوصی طور پر وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بجٹ کے عمل میں ان کے کلیدی کردار کی بھرپور تعریف کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلال اظہر کیانی نے انتہائی کم وقت میں بجٹ کی تیاری اور اسے قومی اسمبلی میں پیش کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا،
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلال اظہر کیانی کی لگن، دیانت داری اور معاشی شعور نے اس بجٹ کو عوامی مفادات کے عین مطابق بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بلال اظہر کیانی جیسے نوجوان اور قابل رہنما پاکستان کی ترقی کا مستقبل ہیں۔ ان کی قیادت میں وزارت خزانہ نے معیشت کو مستحکم کرنے اور عوام کی فلاح کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم کے اعتماد اور رہنمائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ پاکستان کی معاشی بحالی اور سماجی ترقی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ ہم نے عوامی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے، جس پر تمام سیاسی جماعتوں اور اسٹیک ہولڈرز کا تعاون قابل ستائش ہے