
پاکستانی ثقافت کے فروغ کے لیے اہم قدم کے طور پر شیخ خلیفہ ہسپتال ابو ظہبی میں خدمات انجام دینے والے ممتاز پاکستانی ڈاکٹر اور اوورسیز پاکستانی فاو¿نڈیشن کے ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر محمد فرحان ابوظہبی میں ایک غیر تجارتی مینگو فیسٹیول کا انعقاد کر رہے ہیں۔ یہ تقریب اتوار، 29 جون، 2025 کو شام 4:00 بجے سے رات 8:00 بجے تک، لی رائل میریڈین ہوٹل میں، سفارت خانہ پاکستان کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔ یہ تہوار پاکستان کے زرعی ورثے کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کی کاوش ہے، خاص طور پر عالمی سطح پر مشہور پاکستانی آم کو متعارف کروانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اس تقریب میں آم کی دس سے زیادہ اقسام کو پیش کیا جائے گا، جس کے ساتھ آم سے بنے پکوان کی تیاری بھی ہوگی۔ تقریباً 700 کارٹن آم حاضرین میں مفت تقسیم کیے جائیں گے۔ ایونٹ میں داخلہ عوام کے لیے بالکل مفت ہے۔
ڈاکٹر فرحان نے اس سے قبل بھی 2023 میں ایک انتہائی کامیاب مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا تھا۔اس اقدام کو بغیر کسی کارپوریٹ اسپانسرشپ یا تجارتی تعاون کے آزادانہ طور پر شروع کیا گیا ہے۔ یہ تقریب خالصتاً قومی نمائندگی، ثقافتی سفارت کاری، اور بیرون ملک پاکستان کے سوفٹ امیج کو فروغ دینے کے لیے ان کے عزم پر مبنی ہے۔ توقع ہے کہ میلہ متنوع سامعین کو اپنی طرف متوجہ کرے گا، بشمول سفارتی برادری کے ارکان، مقامی باشندے، اور پاکستانی تارکین وطن کے لیے دلچسپی کا باعث بنے گا۔ اس کا مقصد ثقافتی روابط کو مضبوط کرنا، پاکستان کی زرعی کارکردگی کو اجاگر کرنا اور روایتی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ یہ اقدام پاکستان کے عالمی ثقافتی تشخص کو بلند کرنے اور اس کی قدرتی پیداوار اور بھرپور ورثے کو فروغ دینے کے لیے ایک قابل ستائش انفرادی کوشش کی عکاسی کرتا ہے۔