اسلام آباد، 22 جولائی: چیف آف دی نیول اسٹاف، رائل سعودی نیول فورسز، وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر سعودی بحریہ کے سربراہ کا ایڈمرل نوید اشرف نے استقبال کیا اور انہیں چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان کو نیول ہیڈ کوارٹرز کے پرنسپل اسٹاف آفسرز سے بھی متعارف کرایا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال، دفاع، تربیت اور سیکیورٹی میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں معززین نے اس سال شمالی بحیرہ عرب میں منعقد ہونے والی پاک بحریہ اور سعودی بحریہ کی مشق نسیم البحر XV کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے ذریعے میری ٹائم سیکیورٹی اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ وائس ایڈمرل محمد بن عبدالرحمن الغریبی نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کی مشترکہ کوششوں کے لیے پاک بحریہ کے تعاون اور غیر متزلزل عزم کو سراہا اور ان کا اعتراف کیا۔ انہوں نے پاکستان نیول اکیڈمی اور پاک بحریہ کے جہازوں پر سعودی بحریہ کے کیڈٹس کو فراہم کی جانے والی معیاری تربیت کی تعریف کی اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی پر اس کے گہرے اثرات کو تسلیم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ دوطرفہ دفاعی تعلقات کے دائرہ کار کو مضبوط اور مزید فروغ دینے کا اعادہ کیا۔
پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ رائل سعودی نیول فورسز کے چیف آف دی نیول اسٹاف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)
