اسلام آباد: (23 جولائی، 2025): چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبران متعلقہ ڈی جیز، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز، آئی سی ٹی اور دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد میں ڈیجیٹل پارکنگ، گاڑیوں پر ایم ٹیگ کا نفاذ اور کیش لیس ٹرانزیکشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں پر ایم ٹیگ لگانا لازمی ہوگا۔ ایم ٹیگ کے بغیر کسی بھی گاڑی کو اسلام آباد میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسکے علاوہ ڈیجیٹل پارکنگ کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔ اسکے علاوہ پارکنگ میٹرز لگائے جائیں گے۔ رش والی جگہوں پر پارکنگ کے چارجز زیادہ ہونگے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ٹریفک سروے، اسلام آباد میں روزانہ کی بنیاد پر داخل اور خارج ہونے والی گاڑیوں کا سروے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ اس نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے جہاں ایک موبائل ایپ یا آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرایا جائے گا جسکے زریعے شہری پارکنگ کی جگہ کیس لیس ٹرانزیکشنز کے زریعے سے ہی پارکنگ کی جگہ بک کروا سکیں گے اس سے نہ صرف وقت کی بچت ممکن ہوگی بلکہ سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز اور معروف علاقوں میں شہری ڈیجیٹل طریقے سے پارکنگ کرسکیں گے اس سسٹم کے تحت شہری موبائل ایپ یا کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے اپنی پارکنگ فیس ادا کرسکیں گے۔ اس جدید نظام سے پارکنگ کی تلاش میں وقت کے ضیاع کے خاتمے میں مدد کے علاوہ غیر قانونی پارکنگ پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ون ونڈو فیسلییٹیشن سینٹر پر کیش لیس پیمنٹ سسٹم متعارف کروا رہا ہے وہاں اب شہری مختلف خدمات جیسے پارکنگ فیس، فیسوں کی ادائیگی، پراپرٹی اور بجلی کے بلز کی ادائیگی موبائل ایپس، بینک کارڈز یا کیو آر (QR) کوڈز اسکین کرکے کرسکیں گے جسکے لئے جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ہم اسلام آباد کو سیف سے سمارٹ شہر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ایم ٹیگ کے نفاذ، ڈیجیٹل پارکنگ اور کیش لیس نظام سے نہ صرف عوام کو پارکنگ کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اسلام آباد کی مجموعی سیکورٹی کی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی بلکہ ڈیجیٹل پارکنگ، ایم ٹیگ اور کیش لیس ٹرانزیکشنز کے نظام جیسے اقدامات کی بدولت اسلام آباد کو جدید سمارٹ اور مثالی دارالحکومت بنانے میں مدد ملے گی۔
