
اسلام آباد: (29 جولائی، 2025): ریپبلک آف اتھوپیا کے پاکستان میں سفیر جمل بیکر عبداللہ نے آج سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے ملاقات کی۔ ملاقات انتہائی دوستانہ ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر شہری ترقی، ماحول دوست شجرکاری مہم اور پائیدار اربن پلاننگ کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے جمل بیکر عبداللہ کو سی ڈی اے کی کارکردگی سے آگاہ کیا بالخصوص اسلام آباد میں مکمل ہونے والے اہم ترقیاتی منصوبوں اور جاری کاموں کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے دارالحکومت اسلام آباد کو ایک جدید اور ماحول دوست شہر بنانے کیلئے سی ڈی اے کے اسٹریٹجیک وژن پر روشنی ڈالی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ایتھوپیا کے سفیر کو اسلام آباد کی آبی گزر گاہوں کی بہتری اور ماحول دوست گرین بیلٹس کیلئے خصوصی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں ایتھوپیا کے سفیر جمل بیکر عبداللہ نے اسلام آباد میں بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم میں ایتھوپیا کی شرکت کی تجویز پیش کی جو ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں گرین کوریڈور پروجیکٹ سے متاثر ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے اس تجویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اسلام آباد میں "ایتھوپیا-پاکستان پارٹنر شپ پارک” قائم کرنے کیلئے قانون کے مطابق زمین مختص کی جائے گی جو ایتھوپیا کی گرین لیگیسی انیشیٹو کا حصہ ہوگا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد اور ادیس ابابا کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کے خیال کو بھی خوش آمدید کہا، جس کا مقصد عوامی رابطوں، ثقافتی تبادلے، بلدیاتی انتظام، آبی گذرگاہ کی بحالی اور گرین سٹی حل جیسے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کا شہری پائیداری کا تجربہ اسلام آباد کی مستقبل کی ترقیاتی منصوبہ بندی کیلئے بہت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
ایتھیوپین سفیر جمل بیکر عبداللہ نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں سی ڈی اے کی شاندار کارکردگی کو سراہا جس نے اسلام آباد کو ایک خوبصورت دارالحکومت بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے دارالحکومت اسلام آباد کے پائیدار انفراسٹرکچر اور ماحول دوست شہری ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے میں ایتھوپیا کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ایتھوپیا کے سفیر نے پاکستان کے دارالحکومت کی ترقی کے انتظام کے تجربے سے سیکھنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
ملاقات میں اسمارٹ سٹی، گرین سٹی اور ادارائی روابط کے ساتھ تیکنیکی و ثقافتی تبادلوں کے ذریعے تعاون کے نئے راستوں کو تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات مثبت نتائج پر اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔