
اسلام آباد( ) ڈاکٹر سید مرتضی اندرابی نے بطور قائمقام چئیرمین پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے، ڈآکٹر اندرابی کو تین ماہ کے لیے پی اے آر سی کا قائمقام چئیرمین مقرر کیا گیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق صدر مملکت نے پی اے آر سی کے چیف سائنٹفک آفیسر ڈاکٹر سید مرتضی اندرابی کو قائم مقام چیئرمین کا چارج دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ یہ ذمہ داری تین ماہ یا مستقل چیئرمین کی تعیناتی تک کے لیے ادا کریں گے۔ڈاکٹر اندرابی اس وقت پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل میں ممبر اینمل سائنس ڈویژن کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ انہیں حکومت پاکستان کے لائیو اسٹاک ڈویژن، وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے سربراہ اینمل ہسبینڈری کمشنر کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اندرابی کا شمار بین الاقوامی شہرت یافتہ سائنس دانوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز، لاہور اور قائداعظم یونیورسٹی، اسلام آباد سے تعلیم حاصل کی ۔ پاکستان میں لائیو اسٹاک اور اینمل سائنس کے شعبے میں ان کی تحقیق اور خدمات کو وسیع پیمانے پر تسلیم کیا جاتا ہے۔ ان کی تقرری سے زرعی تحقیقاتی ادارے کی سائنسی سرگرمیوں میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے ،