اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ایک اہم کارروائی کے دوران بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورک کوبے نقاب کیا ہے۔ مستند خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اے این ایف نے کراچی کے علاقے صائمہ جناح ایونیو کے قریب ایک گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی سے 11.200 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن(آئس) برآمد کر کے دو غیرملکیوں سمیت 3 ملزمان کو بھی موقع پرگرفتار کر لیا۔
تحقیقات کے دوران ملزمان کے انکشاف پر کارروائی کرتے ہوئے اے این ایف کی تحقیقاتی ٹیم نے صائمہ جناح ایونیو پر واقع ایک فلیٹ پر چھاپہ مار کر جائے وقوعہ سے آئس کی تیاری میں استعمال ہونے کیمیکلز کے علاوہ منشیات کو مختلف طریقوں سے چھپانے سے متعلقہ مواد بھی قبضہ میں لیا۔
مزید تفتیش کے نتیجے میں گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کراچی کے علاقے شاہ لطیف کالونی میں واقع ایک گودام پر چھاپہ کےنتیجے میں مزید 86.040 کلوگرام آئس برآمد کر لی۔ کپڑوں میں جذب شدہ 12 کلوگرام آئس اس کے علاوہ برآمد ہوئی۔
یوں ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 109.24 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کی گئی۔ ملزمان سے ایک عدد 9mm پستول بمعہ میگزین اور 13 گولیاں بھی قبضے میں لی گئیں۔ برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت 15 کروڑ 35 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالرز سے زائدبنتی ہے۔
یہ اہم کامیابی میتھ ایمفیٹامائن (آئس) اسمگلنگ کیخلاف اے این ایف کی منظم، موثر اور مسلسل کوششوں کی عکاس ہے۔ اے این ایف پاکستان کو سینتھیٹک ڈرگز سے پاک کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو راہداری کے طور پر استعمال کرنے والے منشیات اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
گزشتہ چند سالوں میں میتھ ایمفیٹامائن (آئس) کے استعمال کا بڑھتارجحان قومی سطح پر بالخصوص نوجوانوں اور تعلیمی اداروں میں ایک سنگین خطرے کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ جس کے خلاف اے این ایف نے ایک خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے تاکہ آپریشنل کارروائیوں کے علاوہ عوام میں اس زہر کے خلاف آگاہی بھی پھیلائی جاے۔ اس ضمن میں ملک بھر کے اعلی تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کے لیے آگاہی سیمینار منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ نوجوانوں کو بالخصوص اور عوام کو بالعموم آئس کی لت کے صحت اور معاشرے پر تباہ کن اثرات سے آگاہ کیا جا سکے۔
اے این ایف آئندہ نسلوں کو اس خطرناک مصنوعی منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور منشیات فروشوں کے خلاف اپنی پیشہ ورانہ جدوجہد جاری رکھنے کیلئے بھرپور انداز میں تیار ہے ۔
ترجمان اے این ایف
