
ہماری قومی تاریخ کے اوراق میں کچھ ایام ایسے ہیں جو روشن سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ماضی کی شاندار یادوں کو تازہ کرتے ہیں۔ یہ ایام جذبہ حب الوطنی کو جلا بخشتے ہیں اور ہر قیمت پر مادرِ وطن کی خودمختاری اور سا لمیت کی نگہبانی کے ہمارے صمیم عزم کو تازہ کرتے ہیں۔ اِن ایام میں 6ستمبر کادن ممتاز مقام کاحامل ہے جو مادرِ وطن کے دفاع میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
یہ دن اُس ثابت قدمی، غیر متزل عزم اور بلند حوصلے کا عکاس ہے جس کا مظاہرہ مسلح افواج کے جوانوں نے قومی دفاع کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے دوران کیا اور قوم کے شانہ بشانہ رہے۔ جیسے جیسے دہائیاں گزر رہی ہیں یہ تاریخی دن قومی افتخار کو تحر یک دے رہا ہے اوریاد دلاتا ہے کہ پاکستان کا دفاع دشمن کی کسی بھی جارحیت کے مقابلے میں ناقابلِ تسخیرہے اوراگر للکارا گیا تو فیصلہ کُن جواب دیا جائے گا۔ سب سے بڑھ کر یہ دن اُن شہداءکی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے قومی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
دفاع ِوطن کے اس ناقابلِ تسخیر جذبے کو معرکہءحق کے دوران دُہرایا گیا جب دشمن نے ایک جھوٹے بہانے کے تحت غیر ذمہ دارانہ جارحیت کی.دنیا نے ہماری مسلح افواج کی ثابت قدمی کا مظاہرہ دیکھا جوارضِ پاک کے دفاع میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی رہیں۔ پاکستان نیوی نے اپنی مثالی جنگی تیاریوں اور سمندری نگہبانی کے ذریعے ملکی بحری سرحدوں کو محفوظ بنایا اور بھارتی نیوی کو اُس کے پانیوں تک محدودرکھ کر مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
آج کا دن شجاعت ، اتحاد اور قومی ولولے کا روشن مینارہ ہے جوہم میں انتہائی دیانت داری،ایقان اور پختہ عزم کے ساتھ قومی خدمت کے جذبے کو مصمم کرتا ہے۔ پاک بحریہ کے آفیسرز، سی پی اوز/سیلرز اور سویلینزاپنے شہداءاور غازیوں کے کارناموں کو سلام پیش کرتے ہیں اورقومی سلامتی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔
یوم دفاع کے موقع پر آئیے ہم تہہ دل سے اللہ سبحانہُ و تعالیٰ کے حضور سجدئہ شکر اداکریں جس نے ہمیں ایک آزاد اور وسائل سے مالا مال ملک عطا کیا۔ہمیں یہ بات ذہن نشین کرنی چاہیے کہ قوم کی حقیقی طاقت صرف اُس کی عسکری قوت یابے پناہ وسائل میں نہیں ہوتی بلکہ اس کے عوام کی وفاداری، ثابت قدمی اور اتحاد میں بھی ہوتی ہے۔
مشکلات اور آزمائشیں ہماری راہ میں آتی ہیںلیکن یہ ہمیں مزید مضبوط اورپُرعزم بناتی ہیںچاہے وہ معرکہ حق ہو یا حالیہ سیلاب جیسی قدرتی آفات، قوم نے ہمیشہ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اور افواجِ پاکستان اور عوام شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ہر مشکل کا دلیری سے مقابلہ کرتے رہے ۔ہر شہری پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بے لوث خدمت، عظیم قربانی اور کامل وفاداری جیسے اقدار کو اپنائے، تاکہ یومِ دفاع کی روح ہمیشہ زندہ رہے اور ہمیں ہماری اجتماعی منزل کی طرف رہنمائی کرتی رہے۔
اللہ سبحانہ ُو تعالیٰ ہمارا راہنما اور محافظ ہو۔(آمین)
پاکستان نیوی زندہ باد پاکستان پائندہ باد