
وہ اقوام جو اپنے تاریخی دنوں کو یاد رکھتی ہیں اوراُن روایات کی امین ہوتی ہیں اپنے مادرِوطن کی خودمختاری اوردفاع کے لیے ہر دم پُرعزم اور تیار رہتی ہیں۔8ستمبر کا دن ہمارے سنہرے تاریخی ابواب میں اُن سرفروشوں کے حوصلوں کا مظہر ہے جو سمندر میں صمیم عزم کے ساتھ ثابت قدم رہے اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک مینارہ کی طرح راہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
یہ تاریخی دن ہمارے اُن جانبازوں کی شجاعت کی سرفرازی کا دن ہے جنہوںنے حب الوطنی کے اعلیٰ جذبے کو جلا بخشی اورجو حوصلہ افزائی کی اصل روح کے علمبردار ہیں۔ آپریشن ”سومنات” پا مردی کے حقیقی جذبے کا عکاس ہے جس کے دوران پاکستان نیوی کے سات بڑے جنگی جہازوں کے بحری بیڑے نے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر حملہ کر کے غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس دلیرانہ آپریشن نے بھارتی ساحلی تنصیبات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا جس میں اہم ریڈار اسٹیشن بھی شامل تھا اور دشمن کے ارادوںکو شکست دے کراس کی آپریشنل صلاحیتوں کو کمزور کیا۔1965 کی جنگ کے دوران پاکستان نیوی کی آبدوز غازی نے بھی ناقا بلِ شکست دفاع کو یقینی بنایا،دشمن کے دل میں دھاک بٹھائی اور زیرک حکمت عملی کا مظاہرہ کرکے ہمارے ملک کے خلاف تحکمانہ اور جارحانہ ارادے رکھنے والے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا۔اس تابناک ماضی کی قربانیوں اور عظمت کی بنیاد پر معرکہ حق کے دوران پاکستان نیوی نے ثابت قدمی اور بھرپورجنگی تیاریوںکا مظاہرہ کیاجس نے دشمن کو کسی بھی کارروائی سے باز رکھا اور ملکی بحری سرحدوں کے ناقابلِ تسخیردفاع کو یقینی بنانے کے عزم کا صریح پیغام دیا۔
ہماری آپریشنل تیاریوں اور ثابت قدمی نے دشمن کو اُس کے پانیوں میں مقید رکھا اوربحری وسائل کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان نیوی نے بلا روک ٹوک سمندری تجارت کو جاری و ساری رکھنے میں مدد دی۔میری ٹائم دفاع کو یقینی بنانے کی بنیادی ذمے داری کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی قومی میری ٹائم سیکٹر کی ترقی کے لیے پر عزم ہے جو درحقیقت ہمارا مستقبل ہے۔اہم میری ٹائم شراکت دار ہونے کے ناطے پاکستان نیوی بحری اقتصادیات سے کماحقہُ فائدہ اٹھانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ دیرپا اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جائے اور ملک کے لیے زیادہ سے زیادہ اقتصادی فوائد حاصل ہوں۔
اس مقصد کے حصول کے لیے اس سال 3تا6نومبر کراچی ایکسپو سینٹر میں دوسری پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش اور کانفرنس کا انعقادکیا جا رہا ہے۔
اس نمائش اور کانفرنس میں عالمی میری ٹائم شراکت داروں کو دعوت دی جائے گی کہ وہ آپس میں رابطہ بڑھائیں، سرمایہ کاری کریں اورپاکستان کی بحری اقتصادی خدمات کو فروغ دیں اور علاقائی میری ٹائم منظرنامے کو بدل دیں۔آج کے دن جیسا کہ ہم یومِ بحریہ منارہے ہیں، آئیے اپنے عہد کی تجدیدکریں اور اُن شہداء اور غازیوں کو دلی خراجِِ تحسین پیش کریں جن کی قربانیوں نے ہماری آزادی اور وقار کی حفاظت کی۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اس مقدس امانت کاامین بننے کی ہمت عطا فرمائے ۔ اسلاف کی وراثت کو مزید فروغ دینے اور اعزاز و فخر کے ساتھ پیارے وطن کی حفاظت و دفاع کی طاقت عطا فرمائے۔
اللہ سبحانہُ و تعالیٰ ہمارا راہنمااور محافظ ہو۔(آمین)
پاکستان نیوی زندہ باد پاکستان پائندہ باد