
اسلام آباد، 6 ستمبر 25: پاک بحریہ نے یومِ دفاع پاکستان عقیدت اور جوش و جذبے سے منایا۔ یہ دن ہماری مسلح افواج، شہدا، غازیوں اور قومی ہیروز کی عظیم قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جن کی بے لوث قربانیوں نے قوم کے ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنایا۔ یہ دن ہماری قومی تاریخ میں اہمیت کے حامل ایک ایسے دور کی نشاندہی کرتا ہے جو وطن کے دفاع میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی غیر معمولی جرات اور لگن کا مظہر ہے۔
امیر البحر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ معرکہ حق کے دوران وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا، جس میں پاک بحریہ کی ثابت قدمی اور مسلسل نگرانی نے قومی پانیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا اور بھارتی بحری بیڑے کو اپنی آبی حدود سے دور رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو معرکہ حق جیسے اسٹریٹجک تصادم کا سامنا ہو یا حالیہ سیلابی صورتحال کا, ان تمام چیلنجز نے ہمیشہ مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کے درمیان اتحاد کو مضبوط کیا ہے۔
دن کا آغاز پاک بحریہ کی تمام مساجد میں ملکی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاﺅں سے ہوا اور شہداء کے ایصال ِثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ مختلف فیلڈ کمانڈز اور ہیڈ کوارٹرز میں بھی شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
بحریہ کے تمام یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں جہاں کمانڈنگ آفیسرز نے افسران اور جوانوں کے اجتماعات سے خطاب کیا اور اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے تمام جہازوں اور یونٹس کی بحری روایات کے مطابق تزئین و آرائش کی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)
