اسلام آباد
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا بونیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ؛ متاثرین میں امدادی سامان تقسیم؛ مکمل بحالی کی یقین دہانی؛ چیئرپرسن کی ہدایت پر بی آئی ایس پی کی موبائل رجسٹریشن وین سیلاب متاثرہ خاندانوں کی رجسٹریشن کے لیے بونیر پہنچ گئی
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد، رکن قومی اسمبلی محترمہ نفیسہ شاہ اور پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر سید محمد علی شاہ باچا کے ہمراہ ضلع بونیر کے ان سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا جو حالیہ شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے۔
چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کی خصوصی ہدایت پر بی آئی ایس پی کی موبائل رجسٹریشن وین ضلع بونیر پہنچ چکی ہے تاکہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کی فوری رجسٹریشن کی جا سکے اور انہیں بی آئی ایس پی کے مختلف پروگراموں میں رجسٹر کرایا جا سکے۔
دورے کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے دیگر رہنماؤں کے ساتھ جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں کی مکمل بحالی کے لیے ضروری اقدامات پر مشاورت کی۔ ڈپٹی کمشنر بونیر، کاشف قیوم خان نے بھی چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو سیلابی تباہ کاریوں، جاری امدادی سرگرمیوں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے بحالی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بعد ازاں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، رکن قومی اسمبلی محترمہ نفیسہ شاہ اور سید محمد علی شاہ باچا نے امبیلا، بونیر میں مقامی میڈیا نمائندگان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے سیلاب متاثرین کے ساتھ اپنی بھرپور وابستگی کا اعادہ کیا اور بتایا کہ وہ ضلع بونیر کے دورے تسلسل کے ساتھ کر رہی ہیں تاکہ امدادی کاموں کی براہِ راست نگرانی کر سکیں اور متاثرین تک بروقت مدد پہنچائی جا سکے۔
