اسلامی جمہوریہ ایران کے انسداد منشیات پولیس (ANP) کے اعلیٰ سطحی وفد نے بریگیڈیر جنرل ایراج کاکوند، چیف ANP، لاء انفورسمنٹ کمانڈ آف ایران کی سربراہی میں اے این ایف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ANF، میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز (ملٹری) نے ایرانی وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
دو طرفہ مذاکرات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی غور و فکر کیا گیا اور منشیات کے خلاف جنگ میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
مندرجہ ذیل امور پرتفصیل سے بات کی گئی :-

منشیات کے اسمگلنگ نیٹ ورکس کو ناکام بنانے کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید بہتر بنانا،
سرحد پارمنشیات اسمگلنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ آپریشنل تدابیر اختیار کرنا اور
پاک-ایران سرحد پر منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے مشترکہ سرحدی چیلنجز کا سامنا کرنا۔
اس تین روزہ مجوزہ پروگرام کے دوران ایرانی وفد ،وزارت داخلہ اور منشیات کنٹرول، ANF اکیڈمی اسلام آباد اور ماڈل ایڈکشن ٹریٹمنٹ، بحالی اور انضمام مرکز کراچی اور پورٹ کنٹرول یونٹ کراچی کا دورہ بھی کرے گا تاکہ پاکستان کی پیشہ ورانہ تربیت، منشیات کی روک تھام کے اقدامات اور منشیات کے متاثرہ افراد کی بحالی کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔

ایرانی وفد نے ANF کی طرف سے منشیات کے مسئلے کو قابو پانے کے لیے کیے گئے جاری اقدامات اور کارکردگی کی تعریف کی اور پاکستان کی تکنیکی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کو بہتر بنانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں فریقوں نے سرحدی علاقوں خاص طور پر مشترکہ سرحدی علاقوں میں زیادہ مضبوط ہم آہنگی اور تعاون کے ذریعے ایک محفوظ اور منشیات سے پاک خطے کے قیام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
