اسلام آباد 22 اکتوبر 25: پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) کی سعودی عرب کے زیر قیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 (CTF-150) کے تحت کام کرتے ہوئے شمالی بحیرہ عرب میں انسداد منشیات کا ایک بڑا آپریشن کامیابی سے انجام دیا، جس کے نتیجے میں 972 ملین امریکی ڈالرز مالیت کی منشیات ضبط کی گئی۔ یہ شاندار کامیابی علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی، عالمی امن اور سمندر میں غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف اجتماعی جنگ کے لیے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

کثیر القومی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 جس کا مقصد سمندری استحکام کو یقینی بنانا اورکھلے سمندروں میں دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا ہے اس کے تحت کام کرتے ہوئے پی این ایس یرموک کا کامیاب آپریشن بحیرہ ہند کے وسیع علاقے میں امن و سلامتی کے لیے ایک ذمہ دار میری ٹائم پارٹنر کے طور پر پاکستان کے فعال کردار کی تصدیق کرتا ہے۔
کامیاب انسداد منشیات آپریشن پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس یرموک کے عملے کی پیشہ وارانہ مہارت اور لگن کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ کے اپنے مشن میں پر عزم ہے اور باہمی تعاون اور مربوط میری ٹائم سیکیورٹی کوششوں کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ نیول چیف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی زیرقیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 میں پی این ایس یرموک کی تعیناتی سے نہ صرف دونوں بحری افوج کے درمیان مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاہی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)
