اسلام آباد: (پ ر: مورخہ 29 اکتوبر، 2025): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی بدھ کے روز لبنان کے سفیر عبد العزیز عیسیٰ سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں اطراف سے اسلام آباد اور بیروت کے درمیان شہری سطح پر تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک لبنان کو انتہائی قدر اور عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور بیروت کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔

لبنان کے سفیر عبد العزیز عیسیٰ نے سی ڈی اے کی طرف سے اسلام آباد کی خوبصورتی اور ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد غیر معمولی طور پر سرسبز و شاداب اور قدرتی طور پر ایک خوبصورت شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی خوبصورتی، ہریالی اور صفائی ستھرائی غیر متوقع طور پر حیران کن ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور سرسبز و شاداب شہر بنانے کی کوششیں کی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ کی پہاڑیاں اسلام آباد کے قدرتی حسن کو مزید دوبالا کرتی ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ دارالخلافہ اسلام آباد 1960 میں ماسٹر پلان کے تحت قائم جدید گرِڈ لاک سٹی ہے۔
ملاقات میں لبنان کے سفارتخانے کو ڈپلومیٹک انکلیو منتقل کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا تمام سفارتی مشنز کو ڈپلومیٹک انکلیو میں منتقل کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ڈپلومیٹک انکلیو کی بیوٹفکیشن و اپگریڈیشن سے آگاہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کی بیوٹفکیشن کے ساتھ ساتھ تفریحی و کھیلوں کی سہولیات میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مزید شعبوں میں تعاون اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
