
اسلام آباد:
ملک کا تجارتی خسارہ اپریل میں ماہانہ بنیادوں پر 55.20 فیصد بڑھ کر 3 ارب 38 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ز پر پہنچ گیا جبکہ برآمدات میں 19.05 فیصد تنزلی سے 2 ارب 14کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2024 تا اپریل 2025 کے دوران تجارتی خسارہ 8.81 فیصد بڑھ کر21 ارب 35 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر گیا۔
اعداد وشمار کے مطابق اپریل میں سالانہ بنیاد پرتجارتی خسارے میں 35.79 فیصد کا اضافہ ہوا اور ماہانہ بنیاد پر برآمدات میں 19.05 فیصد کمی ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر برآمدات 8.93 فیصد کم ہو کر دو ارب 14کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے آگاہ کیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران برآمدات 6.25 فیصد بڑھ کر 26 ارب 85 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گئیں، اپریل میں ماہانہ بنیاد پر درآمدات میں 14.52 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر اس میں 14.09 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اپریل کے دوران درآمدات 5 ارب 52 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہیں، اعداود شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ کے دوران درآمدات 7.37 فیصد بڑھ کر 48 ارب 21 کروڑ ڈالرز رہیں۔