اسلام آباد۔24 نومبر، 2025۔۔۔۔ پاکستان کی معروف انفارمیشن سروسز اور ٹیکنالوجی انوویشن کمپنی، زونگ فورجی نے کمیونٹی کی فلاح و بہبود اورصحت کی جامع پالیسی کو مضبوط بناتے ہوئے جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری کی ہے تاکہ کراچی میں پسماندہ اور ضرورت مند افراد کے لیے جدید ترین تشخیصی سہولیات کی مکمل طورپر مفت فراہمی میں معاونت کی جا سکے۔
ابتدائی طبی تشخیص کی لاگت پاکستان کے شعبہ صحت میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، زونگ فورجی اس تعاون کے ذریعے میڈیکل ٹیسٹوں کی لاگت برداشت کر کے جے ڈی سی فاؤنڈیشن کو طبی ٹیسٹوں تک رسائی بڑھانے کے قابل بنا رہا ہے۔یہ اقدام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ وہ افراد جو پہلے اسکریننگ کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تھے، اب بالکل مفت، درست اور قابلِ اعتماد تشخیصی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔

مفت تشخیصی سہولیات میں مکمل خون کی جانچ (سی بی سی)، ایچ بی اے ون سی، گردوں اور جگر کے فنکشن ٹیسٹ (آر ایف ٹی/ ایل ایف ٹی) وغیرہ شامل ہونگے۔ یہ ٹیسٹس خون کی کمی، ذیابیطس، انفیکشن اور دائمی امراض کی بروقت تشخیص اور مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے بروقت تشخیص نہ ہوپانے والی بیماریوں کے علاج میں انتہائی اہم ہیں
زونگ کی ہیڈ آف اسٹریٹیجی، کمیونیکیشنز اینڈ سسٹین ابیلیٹی، نبیلہ یزدانی نے شراکت داری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ،”معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی کبھی بھی مالی رکاوٹوں کی وجہ سے محدود نہیں ہونی چاہیے۔ جے ڈی سی فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے، ہم محروم طبقات کو مفت اور قابلِ اعتماد تشخیصی سہولیات کے ذریعے اپنی صحت کا ذمہ خود لینے کے قابل بنا رہے ہیں۔ یہ اقدام پاکستان بھر میں جامع ترقی اور حقیقی اثرات پیدا کرنے کے لیے جدت اور شراکت داریوں کے استعمال کے حوالے سے زونگ کے عزم کا ثبوت ہے۔“
یہ تعاون صحت کی ضروری سہولیات تک منصفانہ رسائی کو ممکن بنا کر اور محروم طبقات کے لیے با معنی معاونت فراہم کر کے پائیدار اثرات پیدا کرنے کے حوالے سے زونگ کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
