
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شاید ہم پاکستان اوربھارت کو تھوڑا اور قریب لاسکیں جس کے باعث وہ باہر جائیں اورایک ساتھ کھانا کھائیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے کہا کہ کیا یہ اچھا نہیں ہوگا؟ دونوں ممالک باہر کہیں ملیں اور بیٹھ کر کھانا کھائیں، مسائل حل کریں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ مارکوروبیونے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے میں اہم کردارادا کیا ہے۔ پاکستان اوربھارت کے درمیان لڑائی میں لاکھوں افراد مارے جا سکتے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں نے پاکستان اوربھارت سے کہا کہ آؤ تجارت کریں۔ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ خود ایک مسئلہ ہے۔
امریکی صدرٹرمپ نے سعودی عرب میں ترقیاتی کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریاض دنیا کا دارالحکومت بنتا جا رہا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہیں۔
سعودی ولی عہد کی تعریف کرتے ہوئے صدرٹرمپ کا کہنا تھا کہ محمد بن سلمان ایک غیر معمولی انسان ہیں، ان جیسا کوئی نہیں ہے۔
صدرٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب آنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے باضابطہ طور پر سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کے لیے 142 ارب ڈالرز کے معاہدوں پر دستخط کر دیئے۔
ان معاہدوں میں جی ای گیس ٹربائنز کی برآمدات، توانائی کے شعبے سمیت میں بوئنگ طیاروں کی خریداری شامل ہے۔