
اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اپنے جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد ہے، دنیا انڈیا کی فکر کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان عالمی معیار کے مطابق کام کرتا ہے، پاکستان نے ہمیشہ عالمی جوہری سلامتی کے اصولوں کی پاسداری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جوہری سلامتی پرسنجیدہ تحفظات ہیں بھارتی معاشرے میں بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی اور انتہا پسندانہ سوچ نے جوہری سلامتی کے حوالے سے حقیقی خدشات کو جنم دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کواس امرپرشدید تشویش ہونی چاہیے کہ بھارت کے جوہری اثاثے راج ناتھ سنگھ جیسے افراد کے کنٹرول میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں جوہری مواد کی چوری اوربلیک مارکیٹ میں فروخت جیسے واقعات اس کے نظام میں سنگین خامیوں کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے اقوام متحدہ اورعالمی ایٹمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے جوہری پروگرام کی آزادانہ تحقیقات کریں تاکہ خطے میں امن وسلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔