
تاشقند سے اسلام آباد کے لیے ازبکستان ایئر ویز کی پہلی براہِ راست پرواز آج اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کے ساتھ پہنچی۔ اس تاریخی موقع پر ایک خصوصی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا
جس میں دونوں ممالک کے معزز شخصیات اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔تقریب میں ازبکستان کے پاکستان میں سفیر محترم الشر تختایف، پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (PTDC) کے مینیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمن رانا، اسلام آباد ایئرپورٹ کے مینیجر سید آفتاب علی شاہ گیلانی، ازبکستان ایئر ویز کے کنٹری مینیجر بختیار مومنوف، وسطی ایشیائی ممالک کے سفارت کار، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA)، PTDC اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔اس موقع پر سفیر الشر تختایف نے اس براہِ راست پرواز کے آغاز کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا:”یہ فضائی رابطہ دوطرفہ تعلقات میں ایک اسٹریٹجک پیش رفت ہے اور وسطی و جنوبی ایشیا کے کنیکٹیوٹی اقدامات کے وسیع تر مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ "یہ نیا روٹ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو گہرا کرے گا بلکہ علاقائی سیاحت، عوامی روابط، کاروباری سفر، تعلیمی تبادلے اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔”PTDC کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمن رانا نے ازبکستان کے صدر اور پاکستان کے وزیر اعظم کی اس اقدام کو عملی شکل دینے کے لیے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پرواز "دو برادر ممالک کے درمیان فضائی روابط کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔” انہوں نے بتایا کہ یہ دیرینہ مطالبہ اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) اور شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) جیسے علاقائی فورمز پر بھی اٹھایا جاتا رہا ہے تاکہ خطے میں روابط کو بہتر بنایا جا سکے۔سیاحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس براہِ راست رابطے سے دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ "پاکستانی سیاحوں کے لیے ازبکستان کے تاریخی شہروں — سمرقند، بخارا اور خیوا — اب پہلے سے کہیں زیادہ قریب آ گئے ہیں۔ اسی طرح، ازبک سیاح پاکستان کے حسین شمالی پہاڑوں، روحانی ورثے کی جگہوں اور متحرک ثقافتی مراکز کو اب آسانی سے دیکھ سکیں گے۔”آفتاب رانا نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تبادلے گزشتہ چند سالوں میں مسلسل بڑھ رہے ہیں، جو کہ مشترکہ تاریخی رشتوں، ثقافتی ورثے اور مذہبی وابستگی کی بنیاد پر استوار ہیں۔ یہ نئی ہفتہ وار پرواز سیاحوں، طلبہ، زائرین اور پیشہ ور افراد کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور کم لاگت سفری سہولت فراہم کرتی ہے، جو انہیں بامقصد اور خوشگوار سرحد پار تجربات فراہم کرے گی۔