
بی ایس (فیس ٹو فیس) میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز اور 10 سرٹیفکیٹ کورسز کی منظوری
اسلام آباد 22اگست( )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ ماس کمیونیکیشن میں کمیٹی آف کورسز کا اہم اجلاس چیئرمین شعبہ، ڈاکٹر بخت رواں کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے، طلبہ کی تعلیمی و عملی ضروریات کو مدنظر رکھنے اور میڈیا انڈسٹری کے بدلتے تقاضوں کے مطابق نئے پروگرامز متعارف کرانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں بی ایس (فیس ٹو فیس) میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز پروگرام کے آغاز اور 10 نئے سرٹیفکیٹ کورسز کی منظوری دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ پہلے سے جاری بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کی پالیسیوں اور نیشنل کرکلم ریویو کمیٹی (NCRC) کی سفارشات کے مطابق ترامیم کی گئیں۔کمیٹی نے تینوں سطحوں (بی ایس، ایم ایس اور پی ایچ ڈی) کے نئے کورس آؤٹ لائنز کی بھی باقاعدہ منظوری دی۔اجلاس میں فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے شعبہ ماس کمیونیکیشن کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ دور حاضر سے ہم آہنگ کورسز شامل کرنے اور نئے پروگرامز شروع کرنے پر میں چیئرمین شعبہ، ڈاکٹر بخت رواں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، یہ پیش رفت طلبہ کے لیے عملی میدان میں کامیابی کی ضامن ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کی شمولیت خوش آئند ہے اور اس سے تعلیمی اداروں کے مابین تعاون کو فروغ ملے گا۔پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کمیٹی کی کارروائی میں نہایت گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف فعال کردار ادا کیا بلکہ کئی اہم اور دور اندیش تجاویز بھی پیش کیں جنہیں کمیٹی کے اراکین نے قدر کی نگاہ سے سراہا۔اجلاس میں شریک دیگر بیرونی ماہرین میں پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال (وائس چانسلر، گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان)، پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم (چئیرپرسن، ڈپارٹمنٹ آف کمیونیکیشن اینڈ میڈیا ریسرچ، پنجاب یونیورسٹی)،پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف (ڈین فیکلٹی آف آرٹس، یونیورسٹی آف گجرات) شامل تھے۔اس موقع پر ڈائریکٹر اکیڈمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن، ڈاکٹر زاہد مجید نے کمیٹی کو یونیورسٹی کی پالیسیوں اور اکیڈمک ڈویلپمنٹ سے متعلق تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔اجلاس کے آغاز پر چیئرمین شعبہ ماس کمیونیکیشن، ڈاکٹر بخت رواں نے کہا کہ میڈیا کی تیز رفتار ترقی اور بدلتے تقاضوں کے پیش نظر نصاب میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں۔ ہمارا مقصد طلبہ کو جدید میڈیا ٹیکنالوجی، تحقیق اور پروفیشنل اسکلز سے آراستہ کر کے انہیں عملی میدان میں زیادہ مؤثر اور کارآمد بنانا ہے۔
(ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز)