
پاکستان اور ترکیہ کے تعلیمی تعلقات میں نئی پیش رفت: ترک زبان کے کورسز تیار کرنے کا معاہدہ
اسلام آباد 3ستمبر( )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ترکیہ کے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے درمیان ترک زبان کے کورسز کے اجراء سے متعلق مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخطوں کی تقریب گزشتہ روز یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ اس معاہدے کا مقصد پاکستانی طلبہ کو منظم اور معیاری نصاب کے تحت ترک زبان سیکھنے کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔ایم او یو کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر میٹرک، ایف اے اور بی اے کی سطح کے لیے ترک زبان کے کورسز تیار کریں گے۔ معاہدے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے دستخط کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ یہ اشتراک پاکستان اور ترکیہ کے تعلیمی و ثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور طلبہ کو ترک زبان سیکھنے کا نادر موقع فراہم کرے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ قومی و علاقائی زبانوں کے ساتھ ساتھ عالمی زبانوں کی تعلیم بھی وقت کی اہم ضرورت ہے اور یونیورسٹی کے نصابات میں زبانوں کو شامل کرنے پر کام جاری ہے۔پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ترک زبان کی تدریس دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔ اُن کے مطابق ترک زبان علمی اور ثقافتی اعتبار سے ایک قیمتی ورثہ ہے اور پاکستان میں اس کے فروغ سے تعاون اور دوستی کے نئے دروازے کھلیں گے۔فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین، پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صدیوں پر محیط ایک روشن ورثہ ہیں اور اس تعلیمی اشتراک کے ذریعے یہ رشتہ نئی نسل تک منتقل ہوگا۔بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راہد مجید نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں میٹرک سطح کے لیے ترک زبان کا کورس تیار کیا جائے گا بعد ازاں ایف اے اور بی اے کی سطح پر کام کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مستقبل میں بی ایس ترک زبان و ثقافت کے پروگرام کی تیاری کی جائے گی اور کامیابی کی صورت میں ترک لسانیات کا ایک باقاعدہ شعبہ بھی قائم کیا جائے گا۔
(ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز)