
08 ستمبر 2025
: متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے کمانڈر، میجر جنرل حمید محمد عبداللہ الرمیثی نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کے محرکات، مشترکہ تربیتی اقدامات اور دونوں ممالک کی افواج کے مابین تعاون کے لئے نئی راہیں استوار کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے سائبر، خلائی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، الیکٹرانک وارفیئر اور ایرو اسپیس سے منسلک شعبہ جات میں جدید اپ گریڈیشن پروگرامز کے ذریعے پاک فضائیہ کو ایک جدید، مستعد اور تکنیکی اعتبار سے ہما وقت تیار فضائیہ میں بدلنے کے اپنے وژن پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ دفاعی تعاون بالخصوص مشترکہ آپریشنل مشقوں کے ذریعے تربیتی شعبے کو فروغ دینے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی جانب سے انکے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر ائیر چیف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی خودانحصاری مہم کے مضبوط ڈھانچے، مقامی صلاحیتوں اور اسکی جانب سے حاصل کردہ تکنیکی ترقی کو سراہا جسکی بدولت پاک فضائیہ خطے کی ایک آپریشنل طور پر مستعد اور تکنیکی لحاظ سے جدید ترین فضائی قوت بنی۔ معزز مہمان نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کی جانب سے ملٹی ڈومین وارفیئر میں پاک فضائیہ کے بھرپور آپریشنل تجربے سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاک فضائیہ کا بہترین آپریشنل فریم ورک اور عسکری لحاظ سے ثابت شدہ جنگی حکمت عملیاں علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے یکساں طور پر مفید ہیں۔ کمانڈر متحدہ عرب امارات بحریہ نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاک فضائیہ کے ساتھ مشترکہ فضائی مشقوں کے انعقاد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا جن سے علمی اشتراک، آپریشنل ہم آہنگی اور مشترکہ کارروائیوں کو تقویت حاصل ہوگی۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کی پاکستان میں مشترکہ تربیتی پروگرامز میں شرکت کی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا اور اس امر کو موجودہ برادرانہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
سربراہ پاک فضائیہ اور متحدہ عرب امارات کی بحریہ کے کمانڈر کے مابین یہ ملاقات دونوں مسلح افواج کی جانب سے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے، اور اس مقصد کے لیئے مل کر کام کرنے کے عزم کے ساتھ ساتھ دفاعی و عسکری شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی بھرپور خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ