
اسلام آباد، 08 ستمبر 25: کمانڈر متحدہ عرب امارات نیول فورسز میجر جنرل اسٹاف حمید محمد عبداللہ الرميثي نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔ نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر امیر البحر نے کمانڈر متحدہ عرب امارات نیول فورسز کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور بعد ازاں نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف کروایا گیا۔
نیول چیف سے ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور، دوطرفہ بحری اشتراک، تربیت، باہمی دورے اور دونوں بحری افواج کے مابین دوطرفہ بحری مشقوں کے انعقاد سمیت تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز (RMSP) کے ذریعے خطے میں بحری استحکام کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔ مزید برآں، کمانڈر متحدہ عرب امارات نیول فورسز نے پاک بحریہ کی میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور علاقائی اور عالمی بحری تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر معزز مہمان کو تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
پاک بحریہ اور متحدہ عرب امارات کی نیول فورسز کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ ابتدائی سالوں کے دوران، پاک بحریہ کی جانب سے فراہم کردہ تربیتی سہولیات اور تکنیکی مشوروں نے دوطرفہ تعلقات کو پائیدار بنانے کی ٹھوس بنیاد رکھی۔ متحدہ عرب امارات کی نیول فورسز کے کئی سینئر افسران نے بھی پاکستان نیول اکیڈمی سے تربیت حاصل کی۔ اس دورے سے دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)