رنگ روڈ راولپنڈی منصوبے پر 75 فیصد سے زائد کام مکمل، تکمیل کے قریب، ڈی جی آرڈی اے
راولپنڈی: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر راولپنڈی کے میگا پراجیکٹ رنگ روڈ پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے کہا ہے کہ رنگ روڈ منصوبے کا 75 فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔ اگر دورانِ عمل شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث عارضی تعطل پیش نہ آتا تو یہ شرح 85 فیصد سے تجاوز کر چکی ہوتی۔
اس سلسلے میں آر ڈی اے میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں پروجیکٹ مینیجر لیفٹیننٹ کرنل فضل خان نے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کنٹر یکٹر ایف ڈبلیو او اس منصوبہ کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کر رہا ہے۔ ڈی جی آرڈی اے کے مطابق منصوبے کی کل لاگت تقریباً 35 ارب روپے ہے اور یہ قومی خزانے پر کسی اضافی بوجھ کے بغیر مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے منصوبے کے آغاز پر جو مالیاتی کمٹمنٹ کی تھی، اسی کے مطابق منصوبہ آگے بڑھ رہا ہے، اور کسی تاخیر یا اضافی لاگت کی بنیاد پر کوئی نیا خرچ منظور نہیں کیا گیا۔
ڈی جی آر ڈی اے نے بتایا کہ رنگ روڈ کی تکمیل سے جڑواں شہروں اور مضافاتی علاقوں میں ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔ منصوبے سے خیبر پختونخوا سے پنجاب کی جانب سفر کرنے والوں کو آسان اور تیز ترین راستہ میسر آئے گا، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والے شہریوں کے لیے تقریباً 35 منٹ کا سفر بچایا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ موٹر وے اور جی ٹی روڈ سے براہِ راست کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا، جبکہ فیز ٹو کی فزیبلٹی اسٹڈی پر بھی کام جاری ہے جسے جلد لانچ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رنگ روڈ منصوبہ مکمل شفافیت کے ساتھ آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اس منصوبے میں کسی قسم کی بے ضابطگی یا کرپشن کی گنجائش نہیں، نہ پہلے تھی نہ اب ہے، شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
