
ڈھاکہ میں تیسری پاکستان میڈ ان پاکستان ایگزبیشن میں بھرپور تعاون کرینگے، شہریار تاج سیکر ٹری(TDAP )
نمائش میںپاکستانی مصنوعات کو بنگلہ دیش میں متعارف کروانا چاہتے ہیں، فہد برلاس
حکومت پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے بہتر ین ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے،خورشید برلاس
کراچی (پ ر) پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے زیر اہتمام تیسری میڈ ان پاکستان ایگزبیشن اینڈ بزنس انوسٹمنٹ کانفرنس ڈھاکہ، بنگلہ دیش کی لانچنگ تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔تقریب میں پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر جناب محبوب العالم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا اور پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے زیر اہتمام بین الاقوامی ایونٹس جس میں سعودی عرب ، یو کے اور بحرین میں ہونے والی نمائش کی دستاویزی فلم پیش کی گئی۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے چیئرمین فہد برلاس نے تقریب میں آنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔ تقریب سے شہریار تاج سیکر ٹری ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان،ثاقب فیاض مگوںسینئر نائب صدر فیڈرل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خصوصی خطاب کیا۔ اپنی تقریر کے دوران فہد برلاس چیئرمینPAEI نے تیسری میڈ ان پاکستان ایگزبیشن جو کہ میں 23 سے27 ستمبر کوانٹرنیشنل کنونشن سٹی بسوندھرا آئی سی سی بی ڈھاکہ بنگلہ دیش کے بارے میں بتایا کہ نمائش میں ٹیکسٹائل انڈسٹری،فوڈ پراڈکٹس،برقی آلات،کچن کا سامان/کراکری،صارفین کی مصنوعات،جوتے،گھریلو سامان،ٹائلیں اور سیرامکس،فرنیچر اور فکسچر،جواہرات اور زیورات، ماربل اور شیشہ،کھیلوں کا سامان،خدمات فراہم کرنے والے،فیشن اور فیبرکس،سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت ،مشینری اور آلات،پینٹ، وارنش اور کیمیکل،ایچ وی اے سی آر،سینیٹری کے سامان اور فکسچر،دستکاری کی مصنوعات اور دیگر شعبوں سے وابستہ نمائش کا حصہ بنیں گے۔ خورشید برلاس بانی چیئرمین (PAEI)نے اپنی تقریر کے دوران بتایا کہ ایونٹ کامقصد پاکستانی مصنوعات کو اجاگر کرنا ہے۔ پاکستانی مصنوعات کو بنگلہ دیش میں متعارف کروانا ہے۔ تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ موجودہ حکومت پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے بہتر ین ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا نے کے لئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے۔ نمائش سے پاک بنگلہ دیش تجارت کے نئے راستے کھلیں گے جو پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی طور پر متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ شہریار تاج سیکر ٹری(TDAP ) نے پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کی جانب سے ملکی ترقی میں کی جانیوالی نمائشوں کے ذریعے معیشت کے فروغ میں کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ اور مکمل یقین دہانی کروائی کہ ڈھاکہ بنگلہ دیش میں ہونے والی تیسری پاکستان میڈ ان پاکستان ایگزبیشن میں بھرپور تعاون کرینگے ۔ محبوب العالم ڈپٹی ہائی کمشنربنگلہ دیش نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔ مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ تیسری میڈ ان پاکستان ایگزبیشن اینڈ بزنس انوسٹمنٹ کانفرنس ڈھاکہ میں ہونے جا رہی ہے ۔ بنگلہ دیش عوام پاکستان سے بہت محبت کرتے ہیں اور نمائش سے پاکستان بنگلہ دیش تعلقات مزید مستحکم ہونگے بنگلہ دیش بھی پاکستان کے ساتھ تجارت میں بہت اہمیت دیتا ہے۔ نمائش سے پاک بنگلہ دیش تجارت کے نئے راستے کھلیں گے ۔تقریب کے اختتام پر پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے چیئرمین فہد برلاس نے ڈپٹی ہائی کمشنر جناب محبوب العالم کو شیلڈ پیش کی اس موقع پر شہریار تاج ،بانی چیئرمین خورشید برلاس،ثاقب فیاض مگوں اوردیگر بھی موجودہیں۔