سوات کے مستحق خاندانوں میںنقد امداد ، فو ڈ پیک،ہائجین کٹس، گھریلوسامان کی تقسیم
اسلام آباد(سٹی رپورٹر)ہلال احمر پاکستان نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ ،ترک ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور نارویجئین ریڈ کراس کے اشتراک سے سوات میں 216 مستحق خاندانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا۔اس اقدام کے تحت ہر خاندان کو فوڈ پیک، حفظانِ صحت کے کٹس، اور گھریلو استعمال کی ضروری اشیاء جیسے بالٹی، مگ اور جیری کین فراہم کیے گئے۔ اس کے علاوہ، بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مچھر دانیاں اور منرل واٹر بھی دیا گیا۔اس موقع پر 40 حاملہ خواتین کو فی کس22000 روپے اور 350 خاندانوں کو فی کس 45000 روپے بطور کثیر المقاصد نقد امداد دی گئی تاکہ وہ اپنی فوری ضروریات کو عزت و وقار کے ساتھ پورا کر سکیں۔تقریب میں ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن محترمہ فرزانہ نیک، چیئرمین خیبر پختونخوا برانچ فرزند علی وزیر، سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان محمد عبیداللہ خان، آئی ایف آر سی کے پاکستان میں سربراہ فرید عبدالقدیر، ترک ریڈ کریسنٹ کی پاکستان میں سربراہ محترمہ بیضا ٹینر، ہلال احمر سٹاف، رضاکاروں اور دیگر ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ پارٹنرز نے شرکت کی۔ محترمہ فرزانہ نیک نے اپنے خطاب میں کہا کہ مستحق گھرانوں کی مدد ہلال احمر پاکستان کے اس عزم کا مظہر ہے کہ وہ ملک کے مستحق ترین طبقوں تک امداد پہنچانے کے لیے ہمیشہ سے کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی برانچز اور شراکت دار تنظیموں کے تعاون سے ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ امداد ان لوگوں تک پہنچے جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے آئی ایف آر سی ، ترک ریڈ کریسنٹ، نارویجیئن ریڈ کراس اور دیگر پارٹنرز کا انسانیت کی خدمت میں تعاون اور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر آئی ایف آر سی کے فرید عبدالقادر، محترمہ بیضا ٹینرنے بھی خطاب کیا۔بعد ازاں سوات میں ہلال احمرپاکستان کی برانچ کا بھی دورہ کیا گیا۔ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پروگرام کے تحت شجرکاری مہم میں پودے بھی لگائے گئے۔
