اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے این ایف کی کامیاب کارروائی، تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات کی فروخت میں ملوث، بین الاقوامی منشیات اسمگلر گرفتار
ملزم سے 11.182 کلوگرام سے زائد ویڈ اور 3.616 کلو گرام کینابس برآمد
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ (IIAP) پر منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے، تھائی لینڈ سے آنے والے برطانوی نژاد پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا۔ مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اے این ایف کے عملے نے مختلف اقسام کی پیکنگ میں مہارت سے چھپائی گئی 11.182 کلوگرام ویڈ اور 3.616 کلوگرام کینابِس برآمد کی، جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ چھ لاکھ روپے بنتی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران ،ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ ان منشیات کو آزاد کشمیر اسمگل کرنا چاہتا تھا۔ دوران تفتیش ملزم نے مزید بتایا کہ ڈھڈیال آزاد کشمیر میں اس کا ایک اور ساتھی ہے جو تعلیمی اداروں کے طلباء اور دیگر نوجوانوں کو منشیات فروخت کرتا ہے۔
ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیاہے۔
مذکورہ ملزم کی گرفتاری اس بڑھتے ہوئے خطرے کی نشاندہی کرتی ہے کہ ویڈ اور مصنوعی کینابِس ( بھنگ) جیسے نشہ آور مادے ،نوجوان نسل کو جدید طرزِ زندگی اور تفریح کے نام پر نشانہ بنا رہے ہیں۔
مسلسل نگرانی اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون کے ذریعے ،اے این ایف نوجوانوں کو منشیات کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے، سرگرم عمل ہے۔ منشیات سے پاک تعلیمی ادارے اور پاکستان اے این کا عزم ہے ۔
