
20 اگست 2025:
پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر فلڈ ریلیف آپریشن سرانجام دیا۔ پاک فضائیہ نے غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے سخت موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں، سی-130 طیارے کے ذریعے 7 ٹن خشک راشن، اشیاء خوردونوش اور ضرودی ادویات نور خان ایئر بیس سے گلگت بلتستان پہنچائیں۔ یہ امدادی سامان دور دراز کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے تقسیم کیا جائے گا. پاک فضائیہ نے اس امر کو یقینی بنایا کہ زمینی راستے منقطع ہونے کے باعث پریشان حال خاندانوں تک ضروری سامان بروقت پہنچایا جائے۔ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سر انجام دیئے گئے اس آپریشن کے دوران پاک فضائیہ کی امدادی ٹیموں نے سیلاب میں پھنسے 75 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ انتہائی سرعت اور مربوط انداز سے سرانجام دیا گیا یہ آپریشن ملک گیر ہنگامی امدادی مہم کا حصہ ہے جو افواج پاکستان کی جانب سے قدرتی آفات کے دوران قیمتی جانوں کے تحفظ کے بھرپور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آنے والے چند دنوں کے دوران پاک فضائیہ کے طیارے اور زمینی ٹیمیں مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف عمل رہیں گی۔ اس دوران خوراک، ادویات، شیلٹرز اور طبی امداد متاثرین تک پہنچائی جائے گی۔
پاک فضائیہ کی بروقت اور پرعزم کاروائی، گلگت بلتستان میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی ایک کرن ثابت ہوئی ہے۔ پاک فضائیہ کی یہ امدادی کاروائی آزمائش کی ہر گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔