
پاک فضائیہ
19 مئی 2025:
سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے راولپنڈی میں اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر کا دورہ کیا، شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ شہید افسر نے حالیہ دشمن کے حملے میں پاکستان ایئرفورس کے ایک آپریشنل ایئر بیس پر اپنی جان قربان کی اور مادرِ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔
ایئر چیف نے شہید کے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولے گی، ان کا نام ہمیشہ عزت اور فخر سے لیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید جیسے بہادر بیٹوں کی جرات اور قربانی اہلیان وطن کے لیے مشعل راہ ہیں۔
بعدازاں، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ، پاک فوج اور عام شہریوں سے ملاقات کی جو حالیہ کشیدگی کے دوران زخمی ہوئے۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی صحت کے بارے میں بریفنگ لی، ان کی ہمت اور حوصلے کو سراہا، اور اسپتال عملے کو ہدایت دی کہ انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولیات اور مکمل انتظامی تعاون فراہم کیا جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایئر چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے، اور وہ اپنے جانباز افسران کی قربانیوں اور شجاعت کی روایت کو زندہ رکھے گی۔
پوری قوم اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید سمیت تمام سپاہیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے وطن کے تحفظ کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
