
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹبال کلب النصر سے علیحدگی سے متعلق مبہم پوسٹ شیئر کردی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی پرو لیگ ختم ہونے کے چند گھنٹے بعد مبہم پوسٹ شیئر کی، جس میں لکھا تھا کہ یہ باب ختم ہوگیا!۔
انہوں نے مزید لکھا کہ کہانی؟ ابھی تک لکھی جا رہی ہے، میں اس سفر میں سب کا مشکور ہوں۔
رونالڈو نے جنوری 2023 میں النصر کے ساتھ 164 ملین پاؤنڈ سالانہ کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس دوران انہوں نے 105 میچز میں 93 گول اسکور کیے، ان کی سب سے بڑی کامیابی 2023 میں عرب کلب چیمپئنز کپ کی فتح تھی تاہم سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل ان کے حصے میں نہ آ سکا۔
سال 2022 میں کرسٹیانو رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ کر سعودی کلب جوائن کیا تھا۔
رونالڈو کا النصر کے ساتھ موجودہ معاہدہ جون 2025 میں ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے 26 مئی 2025 کو النصر کے آخری میچ میں الفتح کے خلاف 3-2 سے شکست کے باوجود ایک گول اسکور کیا تھا۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے مطابق، رونالڈو مختلف کلبوں کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں جو 14 جون سے امریکا میں شروع ہونے والے فیفا کلب ورلڈکپ میں حصہ لیں گے۔