
اسلام آباد، 16 جولائی 25: پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔
کانفرنس کے دوران،
نیول چیف نے میری ٹائم ڈومین میں روائتی اور غیر روائتی خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے مستقل جنگی تیاری کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ کی ناقابل تسخیر سمندری دفاعی صلاحیتوں کو خاص طور پر سراہا جو اس کی آپریشنل مہارت اور مضبوط دفاعی صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ تھا۔ نیول چیف نے سمندری تجارتی راستوں کے ذریعے سپلائی کی مسلسل روانی اور سمندری بندرگاہوں پر بلا تعطل آپریشنز کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے موثر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
ایڈمرل نوید اشرف نے سمندر میں نگرانی اور جوابی کارروائی کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ڈرونز، زیر آب اور سطح آب پر چلنے والی خودکار کشتیوں(ڈرونز) کی صورت میں پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف کی سربراہی میں پرنسپل اسٹاف آفسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)