
ڈیوسلڈورف (جرمنی)، 25 جولائی 2025: عالمی یونیورسٹی گیمز میں پاکستان نے ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں پہلی بار فتح حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے طالبعلم تیمور خان نے سائپرس کے کھلاڑی کو 0-3 سے شکست دے کر نہ صرف برتری حاصل کی بلکہ پاکستان کو اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی بھی کرا دیا۔
تیمور خان، نسٹ کے اسکول آف کیمیکل اینڈ مٹیریلز انجینیئرنگ (SCME) کے طالبعلم اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے کھلاڑیوں کے دستے کے رکن ہیں۔ اُنہوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اہنے حریف کو کھیل کے ہر لمحے زیر کئے رکھا۔ ان کی غیرمعمولی کارکردگی نے میدان میں موجود ناظرین کو بھی داد دینے پر مجبور کر دیا۔
پاکستان کا 40 رکنی دستہ سات مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے جن میں جُوڈو، تائیکوانڈو، تیراکی، ایتھلیٹکس اور تیراندازی شامل ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کی کامیابی اُس قومی عزم کی عکاسی کرتی ہے جو نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں عالمی سطح پر تسلیم کروانے کے لیے مصروف عمل ہے۔
یہ کامیابیاں صرف کھیل کے میدان میں نہیں بلکہ اس سوچ کی بھی نمائندگی کرتی ہیں کہ تعلیمی قابلیت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کی ہمہ جہت پیش قدمی کو بھی یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔