
27 اگست 2025: ایتھوپین فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سربراہان نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون کو مذید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے مشترکہ تربیتی اقدامات کے ذریعے دونوں فضائی افواج کے مابین عسکری شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایتھوپین فضائیہ کے مختلف پیشہ وارانہ امور کی بطریق احسن انجام دہی کے لیئے پاک فضائیہ کی جانب سے بھرپور معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ پاکستان ایتھوپیا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے اور ایتھوپین فضائیہ کی استعدارکار بڑھانے کے ساتھ ساتھ جدید تربیت اور آپریشنل شعبوں میں اسکی ہر ممکن مدد کے لیئے پرعزم ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا نے پاک فضائیہ کی جانب سے ان کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر ایئر چیف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ ایتھوپین فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی بھرپور آپریشنل تیاریوں، اس کی ابھرتی ہوئی ملٹی ڈومین صلاحیتوں اور قابل اعتماد دفاعی اہلیت کو سراہا۔ انہوں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ ایتھوپین فضائیہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے لیے پاک فضائیہ کے بھرپور عسکری تجربات، مربوط کمانڈ سسٹمز اور تکنیکی اختراعات سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش مند ہے۔ معزز مہمان نے دونوں ممالک کے مابین ہوا بازی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی بلخصوص خود انحصاری اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول لیئے نئی راہیں استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اپنے دورے کے دوران ایتھوپین ایئر چیف کو نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ میں جامع بریفنگ دی گئی، جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کی تکنیکی ترقی اور جدید عسکری صلاحیتوں کے شاندار امتزاج کو سراہا۔
لیفٹیننٹ جنرل یلما مرداسا کا ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ دونوں ممالک کے مابین عسکری شراکت داری کےاستحکام، دوطرفہ تعاون اور موجودہ روابط کو فروغ دینے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ