لاہور : پاکستان کے نوجوانوں کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے مقصد سے ڈی ڈبلیو پی گروپ (DWP Group)نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت نسٹ کے مستحق اور باصلاحیت طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
اس شراکت داری کے تحت ڈی ڈبلیو پی گروپ ستمبر 2025 سے اگست 2029 کے درمیان نسٹ کے مستحق طلباء کو انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز کیلئے اسکالرشپس اسپانسر کرے گا جس میں انکے تمام اخراجات کا احاطہ کیا جائے گا۔ یہ اقدام پاکستان میں تعلیم، مساوی مواقع، اور سماجی و معاشی ترقی کو فروغ دینے سے متعلق ڈی ڈبلیو پی گروپ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ معاہدہ نسٹ کیمپس میں ایک تقریب کے دوران ڈی ڈبلیو پی گروپ کے نمائندہ صباح الدین اور نسٹ میں ڈائریکٹر آف ایڈوانسمنٹ، عروبہ گیلانی کے درمیان باضابطہ طور پر طے پایا۔
اس موقع پر ڈی ڈبلیو پی گروپ کے نمائندہ، صباح الدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، ”ڈی ڈبلیو پی گروپ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ تعلیم ہی ترقی اور بااختیار بنانے کی بنیاد ہے۔ ہم باصلاحیت مگر مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے طلباء کی مدد کے ذریعے اُن کے لیے ایسے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں جن کی بدولت وہ پاکستان کے مستقبل کے جدت ساز اور کاروباری رہنما بن سکیں۔ نسٹ کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے طویل المدتی عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم علم اور خواتین کی شمولیت کے ذریعے قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔”
ڈی ڈبلیو پی گروپ کے چیئرمین اور سی ای او، محمد فاروق نسیم نے کہا، ”نسٹ کے ساتھ یہ اشتراک ہمارے اس مشن کا حصہ ہے کہ ہم لوگوں پر سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں۔ ہم ان باصلاحیت طلبہ کی معاونت پر فخر محسوس کرتے ہیں جن میں آگے بڑھنے کا جذبہ اور صلاحیت موجود ہے لیکن وہ مالی وسائل کی تنگی کا شکار ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ہم ایک ایسے تعلیمی کلچر کو فروغ دینا چاہتے ہیں جو طویل المدتی قومی ترقی کی بنیاد بنے۔”
یہ اشتراک ڈی ڈبلیو پی گروپ کے اُس وسیع وژن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد نوجوانوں کی ترقی، سیکھنے کے عمل اور جدت کے کلچر کو فروغ دینا، اور معاشرتی ذمہ داری کو بہترانداز سے نبھانا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے ڈی ڈبلیو پی گروپ پاکستانی نوجوانوں کے روشن اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کیلئے انہیں بھرپور انداز سے بااختیار بنانے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔
